اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) قیادت کے تانے بانے بھارت اور دیگر ممالک سے ملتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو پالیسی شیئر ہوئی اسے سیاسی قیادت وضاحت سے شیئر کریگی۔ قبائلی علاقوں کا ہر نوجوان پی ٹی ایم سے وابستہ نہیں ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے اندر کچھ پاکستان مخالف عناصر گھس گئے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کی قیادت کے تعلق بھارت اور دیگر ممالک سے ملتے ہیں۔ پی ٹی ایم میں کچھ عناصر گھس گئے جنہوں نے من گھڑت پروپیگنڈا کیا۔
ہم پی ٹی ایم کو تنہا نہیں کرنا چاہتے تھے۔ اس لیے حکومت نے پی ٹی ایم کیساتھ سیاسی ڈائیلاگ کیا۔ دیکھنا ہوگا کہ پی ٹی ایم میں سارے نوجوان پاکستان کے مفاد کیخلاف نہیں ہیں۔