’دشمن نے جارحیت کی تو جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت ہوگا‘

Last Updated On 01 May,2019 08:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی میں پاک فضائیہ کا بھرپور اور بروقت جواب تاریخ میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔ دشمن نے پھر جارحیت کی تو جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔

پلوامہ حملے کی آڑ میں بھارتی جارحیت، پاک فضائیہ کے سربراہ کو شاہینوں کی بہادری پر ناز، بھارتی طیارے مار گرانے کی کارروائی، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے موسوم، جارحیت کی گئی تو اب کی بار جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت ہوگا، ائیر چیف کا دشمن کو پیغام۔

ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ 264 ویں ائیر سٹاف پریزینٹیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے میں کامیاب رہے۔ پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی ہمارے عزم اور کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دینے کی اہلیت کی بہترین مثال ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے مشکل حالات میں فارورڈ آپریٹنگ بیسز پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے والے جوانوں اور افسران کی بہادری کو بھی سلام پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر ائیر چیف نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیسز میں ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔