لاڑکانہ: (دنیا نیوز) رتوڈیرو میں 67 بچوں سمیت 85 افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق کے باوجود انتظامی غفلت عروج پر ہے، سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی ٹیم سکریننگ کا عمل ادھورا چھوڑ کر کراچی چلی گئی، کٹس نہ ملنے پر ضلعی صحت افسر کی جانب سے بھی سکریننگ کیمپ نہ لگایا جا سکا، عوام رل گئے۔
رتودیرو میں ایچ آئی وی ایڈز پروگرام کی جانب سے لگائے جانے والے کیمپس میں 2304 افراد کی سکریننگ کے بعد 85 افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہو گئی جن میں 67 معصوم بچے شامل ہیں۔ ایچ آئی وی کی تصدیق کے باوجود ایڈز کنٹرول پروگرام کی ٹیم رتودیرو میں کام ادھورا چھوڑ کر کراچی چلی گئے جب کے سکریننگ کی ذمہ اری ڈی ایچ او کے حوالے کی گئی۔
جمعرات کے روز رتودیرو ہسپتال میں عوام کی بڑی تعداد سکریننگ کیمپ میں ٹیسٹ کروانے پہنچی لیکن دروازوں کو تالے لگے ہوئے ہیں اور ڈاکٹروں سمیت عملہ تاحال پہنچ نہ سکا۔ ڈی ایچ او عبد الرحمان بلوچ کا کہنا ہے سکریننگ کٹس کراچی سے آنا تھیں جو تاحال ہمیں نہیں مل سکیں، کٹس کے ملتے ہی سکریننگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ عوام نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔