لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزارت پٹرولیم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، قیمتوں میں اضافہ کرنا آئین کے آرٹیکل 9، 14 اور 15 کی خلاف ورزی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔
یاد رہے ای سی سی نے پٹرول کی قیمت میں 9.35 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 89 پیسے، لائٹ ڈیزل 6 روپے 40 پیسے، مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے فی لٹر مہنگا کرنیکی منظوری دی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 7 مئی منگل کو کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد ہوگا۔ منظوری ملنے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108 روپے فی لٹر ہو گی۔