سوہاوہ: ٹریلر سے ٹکراتے ہی وین میں آگ لگ گئی، 9 مسافر جاں بحق

Last Updated On 06 May,2019 04:13 pm

جہلم، سوہاوہ: (دنیا نیوز) جہلم کے علاقے سوہاوہ میں ٹریلر سے ٹکراتے ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی جس سے 9 مسافر جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

اندوہناک حادثہ سوہاوہ میں ترکی ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔ ٹریلر سے ٹکراتے ہی مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس سے وین میں موجود مسافر آگ کی شدید لپیٹ میں آ گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آگ سلنڈر پھٹنے سے لگی، وین میں 16 مسافر سوار تھے۔ وین گوجرانوالہ سے راولپنڈی جارہی تھی، زخمیوں میں عبدالرحمن ولد غلام بادشاہ سکنہ کرک، خالد حسین سکنہ ہنگو، اظہر محمود سکنہ ہری پور، عزیز سکنہ سرائے عالمگیر، ثمر عباس، اسرار سکنہ گوجر خان، نقاش مشتاق سکنہ کوٹلی، امجد ارشاد سکنہ راولاکوٹ شامل ہیں۔

جھلس جانے کے باعث جاں بحق افراد کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔