اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چیئرمین لگانے کا اعلان کیا تھا اور ان کی تقرری کی اصولی منظوری دے چکے ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سٹیبلیشمنٹ ڈویژن کو چیئرمین ایف بی آر کی تقرری کی نئی سمری بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان تقرری کا نوٹیفیکیشن سرکولیشن سمری منظور ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ایف بی آر کے سینئر افسران جبکہ ان لینڈ ریونیو کے افسران نے بھی شبر زیدی کے نام کی مخالفت کر دی ہے۔
شبر زیدی اس وقت وزارت خزانہ میں ہیں، وہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور حماد اظہر کے ساتھ آئی ایم ایف مذاکرات میں شامل ہیں۔ شبر زیدی کے نام کی سمری تیار لیکن دستخط نہیں ہوئے۔ شبر زیدی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور ایک نجی فرم سے وابستہ ہیں۔