اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور احتساب عدالت پیش ہوگئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں بنی ہیں کہ نہیں ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کاپیاں آفس میں جمع کرا دی گئی ہیں، تفتیشی افسر سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔
جج ارشد ملک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کی جائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں، باقی کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے۔ وکیل صفائی نے کہا اقبال خان نوری دوسرے ریفرنس میں گرفتار ہیں، زین ملک بون میرو کے مرض میں مبتلا ہیں، حاضری سے استثنی دیا جائے۔ عدالت نے زین ملک کی آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔
ادھر جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لئے آصف زردرای نے نیب کے سامنے پیشی کے لئے مہلت مانگ لی، سابق صدر نے نیب کو مہلت کے لئے درخواست بھجوا دی۔ آصف زرداری نے موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت پیشی کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہو سکتا۔