چیئرمین ایف بی آر کی منظوری کے بغیر کوئی اکاؤنٹ منجمد نہیں ہوگا

Last Updated On 10 May,2019 07:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر چیئرمین کی منظوری کے بغیر کوئی بینک اکاؤنٹ منجمد نہیں ہوگا، اکاؤنٹ منجمد کرنے سے 24 گھنٹے پہلے کمپنی کے عہدیداروں کو مطلع بھی کرنا لازم قرار دے دیا گیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نئے چیئرمیں شبر زیدی نے پہلے ہی روز دبنگ فیصلہ کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ایف بی آر اب کسی بھی کمپنی کا بینک اکاؤنٹ اچانک منجمد نہیں کر سکتا۔

اس کے علاوہ کسی بھی کمپنی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے پہلے چیئرمین ایف بی آر کی منظوری لازمی ہوگی جبکہ کمپنی کے عہدیداروں کو بھی 24 گھنٹے پہلے مطلع کرنا ہوگا۔

چیئرمین ایف بی آر کے اس فیصلے کو کاروباری حلقوں نے سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے صنعتکاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ اختیارات نیچے افسران کو بھی منتقل کیے جائیں گے۔ ہر فیصلے کی منظوری چیئرمین سے لینا ضروری نہیں ہے۔ ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کا کلچر ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اکاؤنٹس منجمد کرنے سے پہلے ایف بی آر چئیرمین کی منظوری لازم ہوگی۔ کسی شخص کا اکاؤنٹ منجمد کرنے سے پہلے آگاہ کیا جائے گا۔
 

Advertisement