اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب 3 سال تک پاکستان کو سالانہ تین ارب بیس کروڑ ڈالر کا تیل ادھار دے گا، یکم جولائی سے ترسیل کا آغاز، پاکستان کی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا، مشیر خزانہ حمایت پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا ہے کہ سعودی عرب تین سال تک پاکستان کو 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ادھار دینے کے عمل کی شروعات یکم جولائی سے کر رہا ہے۔ انہوں اس امر پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ سعودی عرب یکم جولائی 2019ء سے پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات کی مد میں ماہانہ بنیادوں پر 275 ملین امریکی ڈالر کی ادائیگی چالو کر رہا ہے۔
2./ From 1st July 2019 KSA is activating the deferred payment for petroleum products facility of US$ 275mn per month amounting to US$3.2 Billion per year for 3 years. This will strengthen Pakistan s Balance of Payments position.
— Dr. Abdul Hafeez Shaikh (@a_hafeezshaikh) May 22, 2019
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کی حمایت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکر گزار ہوں۔
دوسری طرف ترجمان وزارت خزانہ ڈاکٹر خاقان حسن نجیب نے کہا ہے کہ مالی سال کے دس ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے میں ستائیس فیصد کمی آئی ہے۔
ایک ٹویٹ پیغام میں ترجمان وزارت خزانہ ڈاکٹر خاقان حسن نجیب نے کہا کہ بیرونی شعبہ استحکام کی جانب گامزن ہے۔ مالی سال کے دس ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے میں ستائیس فیصد کمی آئی جبکہ جولائی تا اپریل جاری کھاتوں کا خسارہ گیارہ ارب ساٹھ کروڑ ڈالر رہا۔