لاہور: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس کے دوران کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 150 میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق کے الیکٹرک کو اضافی بجلی 2 سال کیلئے فراہم کی جائے گی۔ کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ کی اضافی بجلی کی فراہمی سے شہر قائد کے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف ملے گا۔
اجلاس کے دوران صنعتی صارفین کو بجلی پر 3 روپے فی یونٹ سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ پاور ڈویژن کی جانب سے صنعتی صارفین کو سبسڈی دینے کے لیے 118ارب روپے مانگے گئے تھے۔ پاور ڈویژن حکام کے مطابق حکومت پیسے دیتی ہے تو سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹیسکو صارفین کے لیے ایک ارب 80کروڑ روپے سبسڈی کی بھی منظوری دی گئی۔