لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی نااہل ترین وزیراعظم ہیں، انھیں مزید وقت ملا تو ملک تباہ ہو جائے گا۔
حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج پاکستانی پوچھ رہے ہیں کہ نیا پاکستان کہاں ہے؟ فیصل واوڈا کی آف شور کمپنیز ہیں لیکن انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ نیب کو بس شریف برادران اور ن لیگ کے رہنما ہی نظر آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں 700 ارب کے نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے۔ پشاور میٹرو میں 7 ارب کی کرپشن ہوئی، کوئی پوچھنےوالا نہیں ہے۔ سٹیٹ بینک کا گورنر آئی ایم ایف کا سابق ملازم ہے۔ اگر معیشت ڈوبی تو کوئی دبئی اور کوئی مصر چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی کا سونامی آئے گا۔ میری طرح ہر پاکستانی پریشان ہے، انھیں مزید وقت ملا تو ملک کو تباہ کر دیں گے۔ اگر اپوزیشن اکھٹی نہ ہوئی تو قوم معاف نہیں کرے گی۔