لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دنیا کے دباؤ کو ٹھکرا کر نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
حمزہ شہباز نے یوم تکبیر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 مئی قوم کے لئے باعث فخر دن ہے۔ اس دن نواز شریف نے دنیا کے تمام تر دباؤ کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ پاکستان کے تمام شہروں میں یوم تکبیر کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئے روز مہنگائی کی آگ میں عوام جل رہے ہیں۔ ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ رمضان میں جو عام اشیا عوام باآسانی خرید سکتے تھے، آج غریب آدمی کیلئے خواب بن کر رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس بجلی کے بل اور مہنگائی کا طوفان ابھی شروعات ہے، بجٹ کے بعد غریب کے لئے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہوگا۔