قبائلی اضلاع میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑگئی

Last Updated On 30 May,2019 11:35 am

پشاور: (دنیا نیوز) قبائلی اضلاع میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑگئی، پارٹی کے سابق فاٹا ممبران نے امیدواروں کی جاری ہونے والی فہرست پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

 قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے سابق فاٹا کے متنخب ممبران اسمبلی کے رشتہ داروں اور عزیزوں کو ٹکٹ جاری کرنے پر پارٹی کے نظریاتی کارکن بول اٹھے۔ ناراض ممبران کا کہنا ہے کہ کیا پارٹی کو صرف سرمایہ داروں کی ضرورت ہے، پارٹی نے صرف سرمایہ داروں کو نوازا ہے۔

آئندہ انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے والے ممبران کے بقول امیدواروں کے انتخاب میں مشاورت نہیں کی گئی، قبائلی اضلاع میں ٹکٹوں کی تقسیم بندر بانٹ ہے۔ ناراض اراکین نے پارلیمانی بورڈ میں گورنر کے پی کی شرکت پر بھی سوال اٹھائے۔

26 ویں آئینی ترمیم سینیٹ سے منظور نہ ہونے پر تحریک انصاف کو مشکلات کا سامنا ہے، سابق فاٹا سے منتخب سینیٹرز نے بھی سینیٹ کا اجلاس جلد طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 


 

Advertisement