اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق امریکا نے پاکستان میں موجود اپنے سفارت کاروں کیلئے ٹیکس استثنیٰ مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ترجمان امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں امریکی سفارتکاروں کے ٹیکس استثنیٰ کا معاملہ بھی زیر التوا ہے اور اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتکاروں کا ٹیکس استثنیٰ 15 مئی کو معطل کیا گیا تھا۔ معاملہ حل ہونے پر پاکستانی سفارتکاروں کا ٹیکس استثنیٰ بحال ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں کو دیا گیا ٹیکس استثنیٰ ختم کر دیا ہے، اب پاکستانی سفارتکاروں کو شفٹنگ اور دیگر اشیا پر ٹیکس دینا ہوگا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا اقدام سفارتکاری دو طرفہ ہونے کے اصول کے تحت عمل میں آیا۔ پاکستان بھی اپنے حدود میں موجود امریکی سفارت کاروں کو کسی قسم کا ٹیکس استثنیٰ نہیں دیتا۔