دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ میں 10 ارب 56 کروڑ روپے جمع

Last Updated On 03 June,2019 08:58 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیراعظم اور سابق چیف جسٹس کے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ میں اب تک 10 ارب 56 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق فنڈ کے لئے ملک بھر سے 8 ارب 97 کروڑ جمع ہوئے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب 59 کروڑ روپے بھیجے ہیں۔

امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے 56 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد رقم بھیجی ہے اور بیرون ملک سے رقوم بھیجنے والوں میں سرفہرست رہے جبکہ برطانیہ سے اب تک اڑتیس کروڑ چھیاسی لاکھ روپے سے زائد ڈیموں کے فنڈز کے طور پر موصول ہوئے ہیں۔ اسی طرح پاکستان کی مختلف سیلولر کمپنیوں نے بھی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے فنڈ کیلئے چودہ کروڑ تریسٹھ لاکھ روپے سے زائد بھیجے ہیں۔

سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق عطیات دینے والے دس سرفہرست اداروں میں سے پنجاب کی حکومت کے ملازمین کی جانب سے ایک ارب 9 لاکھ روپے، پاک فوج کی جانب سے 58 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد، ایس پی ڈی کی جانب سے 20 کروڑ دس لاکھ روپے سے زائد، بحریہ ٹاؤن کی جانب سے 11 کروڑ روپے سے زائد اور پاک فضائیہ کی جانب سے دس کروڑ روپے سے زائد رقم فنڈز کے لئے بھیجی گئی۔

سٹیٹ بینک نے ایک سرکلر میں بینکوں کو ہدایت کی کہ ڈیبٹ، کریڈٹ یا پری پیڈ کارڈز کے ذریعے ڈیمز فنڈ کے لئے عطیات اور ادائیگیوں پر انٹر چینج فیس، رعایتی شرح تجارت اور ٹرانزیکشن فیس سمیت کوئی سروس فیس نہ لی جائے۔