لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے 177ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے کھول دیا۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام ویب سائٹس پر ریسٹ ہاؤسز کی تفصیلات دیکھ کر بکنگ کروا سکتے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے 41، محکمہ زراعت کے 17 اور محکمہ آبپاشی کے 90 ریسٹ ہاؤسزکو عوام کیلئے کھولا گیا ہے۔
محکمہ تعمیر و مواصلات کے 10، محکمہ بلدیات کے 15 اور محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے 4 ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز بھی عوام کے لئے کھول دیئے گئے ہیں۔
عوام کے لئے کھولے گئے ریسٹ اورگیسٹ ہاؤسز کی تفصیلات متعلقہ محکموں اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کے ریسٹ اور گیسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے اوپن کیا گیا ہے۔
صوبے کے دیگرریسٹ، گیسٹ ہاؤسز کو بھی جلد عوا م کے لئے کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض ریسٹ اورگیسٹ ہاؤسز پر قبضے واگزار کرانے کیلئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا، وزیراعلی نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ قبضے واگزار کرا کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔