اسلام آباد: (دنیا نیوز) وکلاء رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کیخلاف دائر ہونے والے ریفرنس کیخلاف ملک بھر کے وکلاء 14 جون کو ہڑتال کریں گے۔ ہمارا احتجاج ججزکے لیے نہیں اداروں کی مضبوطی کے لیے ہے۔
وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل امجد شاہ کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکشن176 کے تحت پہلے نوٹس دیا جاتا ہے لیکن جج صاحبان کوکوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔ میرٹ کے لحاظ سے بہت کمزور ریفرنس ہے، کامیاب نہیں ہو گا۔
وکلاء رہنما کا کہنا تھا کہ مشیر اطلاعات کو سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے، ریفرنس اور حکومت کیخلاف ہمارا احتجاج ہو گا۔ ریفرنس مس کنڈنکٹ اورسپریم جوڈیشل کے دائرہ کارمیں نہیں آتا۔ حکومت اس ریفرنس کوواپس لے۔ 14جون کوپرامن ہڑتال کریں گے۔ قانون کے دائرہ کارکے اندراپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریفرنس بدنیتی پرمبنی ہے۔ ہمارا احتجاج غلط ریفرنس دائر کرنے کے خلاف ہے۔ حکمرانوں کوبادشاہ والی سوچ نہیں اپنانی چاہیے۔ جب حکمرانوں کی سوچ بادشاہوں والی ہو جائے توایسے ریفرنس آتے ہیں۔