اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرشتہ قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جسے جلد میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 10 سالہ بچی فرشتہ مہمند کا قتل پولیس اور دیگر تحقیقاتی اداروں کیلئے ایک ٹیسٹ کیس بنا ہوا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی پیشکش کی تھی کہ فوج مقدمے کی تفتیش میں کسی بھی معاونت کے لیے تیار ہے۔
واقعہ کے پس منظر پر نظر دوڑائی جائے تو مقتولہ فرشتہ مہمند کے والد نے گزشتہ ماہ 15 مئی کو اپنی بچی کی گمشدگی کے بارے میں متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی لیکن پولیس حکام نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیا۔
میڈیا میں خبر شائع ہوئی تو وزیراعظم نے واقعہ کا نوٹس لیا جس کے بعد فرائض سے غفلت برتنے پر تھانے کے ایس ایچ او سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بچی کے پیٹ پر خنجر لگنے کا واضح نشان موجود ہے، ممکنہ طور پر بچی کی موت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔