اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، پاکستان اور قطر کے درمیان تیل و گیس کی تلاش کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے مابین شراکت داری مزید مضبوط کرنے کا عزم دہرایا گیا، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، ملاقات کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور قطر نے مضبوط سیاسی و اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، دوطرفہ تجارت، زراعت اور خوراک کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، ایل این جی اور ایل پی جی کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق ہوا، مذاکرات میں توانائی اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری، قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی، اعلامیہ کے مطابق ہوا بازی، سمندری امور، اعلیٰ تعلیم اور دفاعی امور میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورے میں پاکستان اور قطر درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دستخط کی تقریب کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اورامیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی موجود تھے۔
پہلا ایم او یو تجارت و سیاحت پر مشترکہ ورکنگ گروپس کی تشکیل سے متعلق کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور قطر کے وزیر خزانہ علی شریف ال عمدانی نے دستخط کئے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت و سیاحت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور قطر کی نیشنل ٹورازم کونسل کے سیکرٹری جنرل اکبر ال باقر نے کئے۔
منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لئے خفیہ معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایم اویو پر پاکستان کی طرف سے فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کے قائم مقام ڈی جی منیر احمد جبکہ قطر کی فنانشنل انفارمیشن یونٹ کے سربراہ شیخ احمد بن عید الثانی نے دستخط کئے۔
اعلامیے کے مطابق قطری امیر آج صدر عارف علوی سے ملاقات کریں گے، قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران شیخ تمیم نے قطر کی فٹبال ٹیم کی شرٹ کا تحفہ دیا اور وزیراعظم نے انھیں اپنے دستخط والا بیٹ دیا۔