کرپشن کی رقم مرنے کے بعد بھی ادا کرنا ہوگی: سپریم کورٹ

Last Updated On 01 July,2019 03:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ بدعنوان شخص کو مر کر بھی کرپشن کی رقم واپس کرنا ہوگی، لوگ ساری عمر کرپشن کے پیسے استعمال کرتے ہیں۔

 سپریم کورٹ میں کرپسن کیس کے مجرمان سابق ڈی ایس پی جمیل اختر کیانی مرحوم اور ان کی اہلیہ کی جرمانے کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ جمیل اختر اور ان کی اہلیہ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نیب نے 1995 کے بعد کے اکاونٹ بھی ضبط کرلیے تھے، جرمانہ کی 3 کروڑ رقم ادا نہیں کرسکتے۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ کرپشن کی رقم تو واپس کرنا ہو گی، 50 سال پہلے ڈھائی کروڑ کا پلاٹ لیا گیا، اس پلاٹ کی موجودہ مالیت ڈھائی ارب سے زیادہ ہوگی، 2003 میں کیا گیا 3 کروڑ جرمانہ آج کے حساب سے انتہائی کم ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایشو یہ نہیں کہ اثاثوں پر مزے کیے گئے، مسئلہ یہ ہے 9 کروڑ کے اثاثے کب اور کیسے بنے؟۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد مرحوم پولیس افسر اوران کی اہلیہ کو کئے گئے 3 کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم دیا۔ جمیل اختر کیانی 1959 بھرتی اور 1995 میں ڈی ایس پی پولیس ریٹائرڈ ہوئے، جمیل اختر کیانی پر کرپشن اور اختیار کے ناجائز استعمال کا الزام تھا، ٹرائل کورٹ نے جمیل اختر کو 10 جب کہ ان کی اہلیہ کو 5 سال سزا اور 3 کروڑ روپے جرمانہ کیا تھا۔