اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ میں نمبر پورے ہیں، گورنر سندھ جادو گر آدمی ہیں، عمران خان اجازت دیں تو 48 گھنٹے میں تبدیلی آجائے گی۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مریم نواز نے اپنی پارٹی پر شب خون مارا، ن لیگ کو توڑنے میں مرکزی کردار مریم نواز کا ہے، پی ٹی آئی مسلم لیگ ن کو نہیں توڑ رہی، ن لیگ سے جو بھی آئے گا اسے چھوٹا سا آشیانہ دیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا 10 سال کے قرضوں پر کمیشن بننا ضروری ہے، ان میں سے کوئی آپ کو باہر نظر نہیں آئے گا، سب جیلوں میں ہوں گے، حکومت کا کوئی کرپشن کیس سامنے نہیں آیا، احتساب کے عمل میں تیزی آئی ہے، آصف زرداری کوآج ایک اور کیس میں گرفتار کر لیا گیا، نواز شریف اور زرداری صاحب مافیا تھے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کا پیسہ دبئی سے نکلتا ہے، برآمدات بڑھانا اور درآمدات کم کرنا حکومتی پالیسی ہے، ہم احتساب کا کلچر لے کر آئے ہیں، پٹواری اور تھانیدار کی کرپشن ختم ہونی چاہیئے، 10 سال میں لیا گیا قرضہ کہاں گیا ؟۔