اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کے غربت مٹاو قومی پروگرام کا وزیر اعظم عمران خان آج شام منعقدہ خصوصی تقریب میں باضابطہ افتتاح کریں گے، تقریب پرائم منسٹر آفس آڈیٹوریم میں ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان مستحق لوگوں میں قرض کی رقم کے چیک بھی تقسیم کریں گے۔
معاون خصوصی غربت مٹاو و سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر تقریب میں پروگرام سے متعلق بریفنگ دیں گی۔ پروگرام کے تحت 4سال میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے 28 ہزار افراد مستفید ہوں گے، اس پروگرام کے لئے ابتدائی طور پر 42 ارب 65 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، 5 ارب غربت مٹاو پروگرام کے لئے مختص فنڈ سے اور37 ارب مختلف سرکاری اداروں سے لئے گئے ہیں۔
پروگرام کے تحت حکومت غرباء اور مستحق افراد کو کاروبار کے لئے اثاثے اور قرض حسنہ فراہم کرے گی، 80 ہزار افراد کو ہر ماہ 30 ہزار سے 75 ہزار تک قرض حسنہ دیا جائے گا جس سے میسن، پلمبر، کارپینٹر، الیکٹریشن، ریڑھی بان، جیسے پیشہ وارانہ افراد اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے۔ سلائی مشینیں، مال مویشی، زرعی آلات اور دیگر اشیاء بھی غرباءو مستحقین اور بیواوں میں مفت تقسیم ہوں گی، آج ملک بھر میں 391 غرباء ومستحقین میں قرض کے چیک تقسیم کئے جائیں گے۔