لاہور: (دنیا نیوز) پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں گرفتار سابق صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق کا ہسپتال میں علاج کرانے کے لیے جیل حکام نے درخواست جمع کرا دی۔ احتساب عدالت نے جیل حکام کو درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے درخواست پر سماعت کی جس میں یہ کہا گیا کہ خواجہ سلمان رفیق کی طبعیت ناساز ہے اور جیل میں سہولیات ناکافی ہیں۔
درخواست میں مزید یہ کہا گیا کہ خواجہ سلمان رفیق کے متعدد ٹیسٹ بھی کرانے ہیں، لہذا عدالت علاج کے لیے سلمان رفیق کو ہسپتال میں داخل کرانے کی اجازت دے۔
اس پر عدالت نے جیل حکام کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ یاد رہے کہ نیب نے خواجہ سلمان رفیق کو پیراگون سٹی میں مبینہ خورد برد کے الزامات پر گرفتار کیا تھا جو کہ جوڈیشل ریمانڈ پر کیمپ جیل میں قید ہیں۔