اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو وطن واپس لانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو وطن واپس لانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی وضع کی، ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کو ہم سب نے مل کر ایک معتبر ادارہ بنا دیا ہے۔ نیب کسی دباؤ کے بغیر بدعنوان عناصر کیخلاف فرائض سرانجام دے رہا ہے۔