پارک لین ریفرنس: آصف زرداری سمیت 16 ملزمان کی فہرست دنیا نیوز کو موصول

Last Updated On 06 July,2019 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت 16 ملزمان کی فہرست دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ مرکزی ملزم آصف زرداری سمیت 13 ملزمان گرفتار ہیں۔

فہرست میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کے دوست اقبال میمن اور یونس قدوائی مفرور ہیں، وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کرنے والے سی ایف او اومنی گروپ اسلم مسعود بھی ملزم نامزد ہیں۔ پارک لین کمپنی کے 4 ڈائریکٹرز، پارتھینون کمپنی کے 3 ڈائریکٹرز، سمٹ بنک افسران، اومنی گروپ افسران بھی ملزم نامزد ہیں۔

ریفرنس کے مطابق ملزمان نے نیشنل بنک سے ڈیڑھ ارب کا قرض لے کر خوردبرد کیا، آصف زرداری نے اپنے بے نامی داروں کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔