کراچی: (دنیا نیوز) نجی ٹی وی اینکر مرید عباس اور دوست خضرحیات کے قتل کی تفتیش کے دوران تحقیقاتی اداروں نے سرمایہ کاری کرنے والوں کی تفصیلات حاصل کر لیں۔ مرید عباس اور انکے دوستوں نے 7 کروڑ روپے انویسٹ کئے تھے، دیگر کئی لوگوں نے 50 لاکھ سے 8 کروڑ روپے لگائے۔
ایک ہفتے قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی اینکرمرید عباس اور خضر حیات کا قتل، کس نے کتنا پیسا لگایا؟ تحقیقاتی اداروں نے سارا ریکارڈ جمع کر لیا۔ تفتیشی ذرائع کہتے ہیں مرید عباس اور اسکے قریبی دوستوں نے 7 کروڑ روپے لگائے۔ مقتول خضر حیات نے 5 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔
ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی کے 2 مزید اینکرز کی جانب سے ساڑھے 8 کروڑ روپے ملزم عاطف زمان کو دیئے گئے تھے۔ واقعے کے عینی شاہد عمر ریحان نے 5 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔
پلاسٹک کے ایک تاجر نے 82 لاکھ روپے پھنسائے۔ عاقب نامی شہری کو بھی 50 لاکھ روپے کا چونا لگا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام افراد نے اپنے قریبی رشتہ داروں، اہل خانہ اور دوستوں سے پیسے جمع کرکے اطف زمان کے پاس انویسٹمنٹ کی تھی۔
یہی نہیں، تفتیش کاروں کو ملزم عاطف کے 11 بینک اکاؤنٹس کا بھی پتا چلا ہے جسکے لئے ایف آئی اے سے جلد رابطہ کیا جائے گا۔