لاہور: (دنیا نیوز) 2012ء سے لے کر تاحال پنجاب بھر کی جیلوں سے 7 ہزار 364 موبائل فون برآمد، دنیا نیوز نے جیلوں سے موبائل فون برآمدگی کی رپورٹ حاصل کر لی۔
رپورٹ کے مطابق قیدیوں سے موبائل فون کی 2 ہزار 271 سمیں اور ایک ہزار 627 چارجر بھی برآمد کیے گئے۔ قیدیوں سے موبائل فون، سمیں اور چارجرز کی برآمد گی میں لاہور ریجن پہلے نمبر پر رہا۔ لاہور ریجن کی جیلوں سے 3 ہزار 262 موبائل فون برآمد ہوئے۔
راولپنڈی ریجن سے ایک ہزار 488، فیصل آباد کی جیلوں سے ایک ہزار 212 موبائل فون ملے۔ اس کے علاوہ سرگودھا ریجن میں 573، ملتان کی جیلوں میں 279 قیدیوں سے موبائل فون برآمد ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بہاولپور کی جیلوں سے 304 اور ساہیوال ریجن سے 246 موبائل فون ملے۔ انتظامیہ کے مستقل چھاپوں کے دوران موبائل فون برآمد کئے گئے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں سے ممنوعہ چیزیں برآمد ہونے پر انتظامیہ کے خلاف کارروائی معمول کا حصہ ہے۔