کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے تعاون سے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کر کے کراچی کے ساحلی علاقے مبارک ولیج میں سنہری پوائنٹ کے قریب 300 ملین روپے مالیت کی 675 کلو گرام حشیش اور 4 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی۔
پاک بحریہ کے مطابق منشیات کو سمندری راستے کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا جا رہا تھا۔ مزید کاروائی کے لئے پکڑی جانے والی منشیات کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا۔ منشیات سمگلنگ کے خلاف کامیاب کاروائی پاک بحریہ کی بہترین نگرانی کے باعث ممکن ہوئی۔
حکام کے مطابق یہ کامیابی پاک بحریہ کے اپنے سمندروں اور ساحلوں کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ قومی ذمہ داریوں کو بخوبی سر انجام دینے کیلئے ہمہ وقت تیار اور پر عزم ہے۔