لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر دو گروپوں کے 4 افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور ائرپورٹ پر چند روز قبل فائرنگ کر کے 2 افراد کو جاں بحق کرنے والے ملزمان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس نے کارروائی کی اور عدالت کے باہر موجود 2 متحارب گروپوں کے افراد کو حراست میں لے لیا۔
ملزمان میں جٹ گروپ کے محسن علی اور رفاقت شامل ہیں جبکہ اسرار بٹ گروپ کے محمد ساجد اور سلیم خان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کی گاڑی سے ایک کلاشنکوف اور ایک نائن ایم ایم پسٹل برآمد ہوا جبکہ اسرار بٹ گروپ کے ملزمان کی گاڑی سے 2 کلاشنکوف، ایک ایم پی فائیو رائفل، دو ٹرپل ٹو اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔