لاہور: (دنیا نیوز) 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد منشیات سمگلنگ کے ملزم رانا ثناء اللہ کو آج ضلع کچہری میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس حکام نے کسی بھی صورتحال کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ کسی لیگی کارکن کو آنے کی اجازت نہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق منشیات سمگلنگ کے ملزم رانا ثناء اللہ کو بروز منگل مورخہ 16 جولائی کو ضلع کچہری میں پیش کیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جیل حکام دوبارہ عدالت میں پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثناء اللہ سمیت پکڑے جانیوالے ملزمان کا ریکارڈ طلب
دوسری جانب وزارت اینٹی نارکوٹکس نے پنجاب پولیس سے رانا ثناء اللہ سمیت پکڑے جانے والے ملزمان کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پنجاب کے تمام اضلاع کے سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں رانا ثناء اللہ اور دیگر ملزمان کا کریمنل ریکارڈ، منشیات کی لین دین، منی لاڈرنگ اور دہشتگردی تنظمیوں کی فنڈنگ کے حوالے سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
اس مراسلے میں پنجاب بھر کے تمام اضلاع اور سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو 15 جولائی تک ریکارڈ بھیجنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معلومات کی فراہمی کے بعد مزید گرفتاریاں عمل میں آ سکیں گی۔