کراچی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ احتساب شروع ہوچکا ہے، جس نے جو کیا ہے وہ بھگتے گا، نیب ایک آزاد اور خود مختارادارہ ہے، کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا چیئرمین نیب کو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے منتخب کیا، چیئرمین نیب کی تقرری میں عمران خان کا کوئی کردار نہیں، جس نے جو کیا وہ بھگتے گا، ہمارے ارکان بھی نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، سیاستدانوں کی پکڑ دھکڑ پر میرا بس چلے تو نیب کو کہوں جلدی کرلیں، بندے زیادہ ہیں جنہیں گرفتار کرنا ہے مگر ابھی کم کو گرفتار کیا۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا وزیراعظم ہمیشہ ملکی مفاد کی بات کرتے ہیں، عمران خان جتنا فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں کوئی نہیں کھیلا، ملکی پالیسی میں تبدیلی کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے، آصف زرداری نے خود کہا تھا ایسا تو ہوتا ہے ایسے کاموں میں، تحریک انصاف کی حکومت میں ہر سطح پر تبدیلی آئی، 126 دن کے دھرنے پر رونق لگی رہی، 126 روز کا دھرنا کہنا آسان، کرنا مشکل ہے، وزیراعظم جھوٹے کیس پر بھی عدالت پیش ہوتے رہے، کسی کو شیشے توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے، اپوزیشن احتجاج کرے، کنٹینر ہم دیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا وزیراعظم نے کئی بار کہا ہے یہاں وار لارڈ نہیں ہونے چاہئیں، اب کوئی بندوق لے کر نہیں چل سکتا، اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے، لوگوں کو ٹیکس ادا کرنا چاہیئے، عمران خان کسی دوسرے ملک کے ذریعے استعمال نہیں ہوں گے، احتجاج سب کا حق، حکومت کا فرض ہے لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ کرے، بھارت اپنی شکست کو جیت کے طور پر پیش کر رہا ہے۔