واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا، پاکستان کی داخلی سلامتی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، اب سیکیورٹی فورسز کا بنیادی فوکس بلوچستان کی طرف ہے۔ آرمی چیف وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وائٹ ہاؤس ملاقات میں شرکت کریں گے، پینٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے.
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اورسیکیورٹی اداروں کی کوششیں اور قربانیاں رنگ لا رہی ہیں،دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ سے ملکر بحالی کا کام جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز کا بنیادی فوکس بلوچستان کی طرف ہے، وہاں فوج کی مدد سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ میجرجنرل آصف غفور نے پاک افغان سرحد پر باڑ کوسیکیورٹی کیلئے اہم قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آ رہی ہے۔ اس سے دہشتگردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔ پاکستانی میڈیا نے بیرون ملک پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وائٹ ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں بھی شریک ہوں گے، پینٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔