پشاور: (روزنامہ دنیا) وزیراعلٰی محمود خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں قبائلی اضلاع کے انتخابات اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں انتخابات انتہائی پرامن اور شفاف رہے۔
صوبائی حکومت نے کسی قسم کی مداخلت نہیں کی۔ پورا میڈیا اور عوام انتخابات کی تعریف کر رہے ہیں ۔وزیر اعلٰی نے کامیاب ہونے والے آزاد ممبران کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ ہم سب مل کرقبائل کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے ۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائے اور لوگوں کی مشکلات حل کرے ۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے علاقہ ترقی کرسکے گا ۔