ابوظہبی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ کا دورہ کیا۔
چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے ابوظہبی میں شپ بلڈنگ یارڈ، نیول فورسز انسٹیٹیوٹ اور گن ٹاﺅٹ نیول بیس کا دورہ کیا۔
ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ آمد پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا شپ بلڈنگ یارڈ کے سربراہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو شپ یارڈ پر موجود کنسٹرکشن کی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نیول چیف نے شپ یارڈ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ پر ہونے والے کام کے معیار کی تعریف کی۔
بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے نیول فورسز یونٹ اور گن ٹاﺅٹ نیول بیس کا دورہ کیا اور سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی اشتراک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔