بالاکوٹ: (دنیا نیوز) بالا کوٹ کے علاقے جل کھڈ نالے میں طغیانی سے بہن بھائی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ناران سے بابوسر ٹاپ جانے والی شاہراہ دوسرے دن بھی نہ کھل سکی، ہزاروں سیاح محصور ہیں۔
ناران سے بابوسر ٹاپ جانے والی شاہراہ جل کھڈ کے مقام پر نالوں میں طغیانی آگئی جس سے سڑک متاثر ہوئی، لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں دو گاڑی آئیں جس میں سوار افراد کو زندہ نکال لیا گیا، لاپتہ ہونیوالے 2 بچوں کی لاشیں مل گئیں۔ جاں بحق ہونیوالے بہن بھائی کا تعلق بھکر سے ہے۔
جل کھڈ شاہراہ بند ہونے سے ہزاروں سیاح 2 روز سے محصو ر ہیں جنہیں غذائی قلت کا سامنا ہے، ان کی گاڑیوں میں پٹرول بھی کم رہ گیا۔ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک فوج بھی امداد کاموں میں شامل ہے۔
ڈی سی مانسہرہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے وہ بابو سر ٹاپ سے چلاس کوہستان روڈ آمد و رفت کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف شانگلہ میں بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے ایک بچی دم توڑ گئی، متاثرہ علاقے میں امدادی کاموں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔