امریکا کا پاکستان کے ایف 16 طیاروں کیلئے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان

Last Updated On 27 July,2019 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا نے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کر دیا۔

 پاکستان سے متعلق امریکا کا رویہ بدلنے لگا۔ امریکی وزارت خارجہ نے ایف 16 طیاروں کے لیے سپورٹ کی منظوری دے دی۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے مطابق طیاروں کے لیے 125 ملین ڈالر سپورٹ فنڈ فراہم کیا جائےگا۔

امریکا بھارت کو بھی سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے 670 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اس سے خطے میں طاقت کا تواز ن خراب نہیں ہوگا۔

ادھر امریکی حکومت نے پاکستان کا ایک اور مطالبہ مان لیا۔ پاکستان سے متعلق ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر اعظم کے حالیہ دورے میں پاکستان نے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹریول ایڈوائزری میں نرمی سے سرمایہ کاری میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک امریکہ ٹریڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کونسل کا اجلاس بھی اس سال منعقد کر انے پر اتفاق ہوگیا ہے۔