عرفان صدیقی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا گیا

Last Updated On 27 July,2019 06:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدالت نے عرفان صدیقی کو بری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔ پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی۔

 اسلام آباد پولیس نے قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی پر گرفتار عرفان صدیقی کو مجسٹریٹ مہرین بلوچ کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے عرفان صدیقی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا، عرفان صدیقی کے وکلا نے جوڈیشل ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے، عرفان صدیقی کو رہا کیا جائے۔

یاد رہے سابق مشیر عرفان صدیقی کو گزشتہ رات اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 تھری میں ان کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کی خلاف ورزی کی گئی جس پر دفعہ 188 کا مقدمہ درج کیا گیا۔ عرفان صدیقی کی جانب سے اپنے کرایہ دار کے کوائف نہیں جمع کروائے گئے تھے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق جاوید اقبال بمعہ خاندان اس گھر میں رہائش پذیر ہے جن کا اندراج مالک مکان نے متعلقہ تھانہ میں نہیں کرایا، عرفان صدیقی کو پوچھ گچھ کرنے پر تھانے میں بلایا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا۔