لاہور کی پیپر فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بجھا دی گئی

Last Updated On 28 July,2019 05:28 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے شادباغ میں عامر روڈ پر واقع پیپر فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جو فیکٹری کے تہہ خانے سے شروع ہوئی اور بعد میں شدت اختیار کر گئی، ریسکیو عملے نے 4 گھنٹوں‌ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا.

لاہور کے علاقے شادباغ میں عامر روڈ پر پیپر فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو کی چار گاڑیاں مصروف عمل رہیں جن کی مدد سے 4 گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ بجھا دی گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ پیپر فیکٹری کی بیسمنٹ میں لگی جس نے بڑھتے بڑھتے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جائے وقوعہ کے اطراف میں دھوئیں کے بادل پھیل گئے اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں جبکہ آگ لگنے کی وجہ بھی سامنے نہیں آ سکی تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے۔