لاہور: (روزنامہ دنیا) پی ٹی آئی ایم این اے مجید نیازی سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ایم پی اے احمد علی اولکھ کے حامی امیر محمد بھنڈ کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ میں اقدام قتل ،سنگین نتائج کی دھمکیوں کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق احمد علی اولکھ کی کمر اوربازو پر تشدد کے باعث سوزش ہے۔
واقعہ پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں ارکان اسمبلی سے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل تحریک انصاف کے ایم این اے مجید نیازی اور آزاد ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کا معاملہ طول پکڑ گیا۔
لڑائی کے دوران ایم پی اے احمد علی اولکھ زخمی ہو گئے، کارروائی کے لیے ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ کو پولیس ڈاکٹ جاری کیا گیا، ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ کے بازو اور کمر پر تشدد کے باعث سوزش ہے ،دوسری جانب پولیس تھانہ کروڑ لعل عیسن نے ایم این اے مجید نیازی سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ میں ایم این اے مجید نیازی، قیصر بلوچ، مجاہد شاہ، اعجاز لاشاری، سجاد زین العابدین، سلمان حید ر خان اور ایم این اے کے صاحبزادے عبد الرحیم خان نیازی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 15سے 20 نا معلوم افراد بھی شامل ہیں
صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی، دوسری جانب مقدمہ کے اندراج کے بعد کروڑ پولیس ایم این اے کے حامیوں کو پکڑنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ ادھر ایم این اے مجید نیازی کے حامیوں کی احمد علی اولکھ کے خلاف دی گئی درخواست پر مقدمہ کا اندراج نہ ہو سکا، دوسری جانب تحصیل ہسپتال میں سجاد زین العابدین اور قیصر بلوچ کا طبی معائنہ کرایا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیازی کے حامیوں کو کارروائی کے لیے پولیس ڈاکٹ جاری کیا گیا مگر پولیس کے مطابق مجید نیازی کے حامیوں کی جانب سے کارروائی کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
علاوہ ازیں اولکھ گروپ نے آج چنڈی موڑ پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ،دریں اثناء واقعہ کے عینی شاہد اسسٹنٹ کمشنر کروڑ ملک فاروق وقوعہ کے بعد سے منظر عام سے غائب ہیں ،ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے دو نوں جانب سے معاملے میں نہ پڑنے کا کہہ کر گواہی سے انکار کر دیا۔
کروڑ پولیس نے مقدمہ میں نامز د اعجازلاشاری کے دو بیٹو ں فیصل لاشاری ،احسن خان اور ایک شہری محمدآفاق کو حراست میں لے لیا بعد میں دو گھنٹے بعد رہا کر دیا ،دریں اثناء احمد علی اولکھ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر بسرا مارکیٹ میں چاول تقسیم کئے گئے ۔دریں اثناء فتح پور سے نامہ نگار کے مطابق مجید نیازی اوراحمد اولکھ کے درمیان جھگڑے میں نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئی جس پر شہریوں نے ایم این اے کے رویہ کی شدید مذمت کی ہے ۔