لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز چودھری شوگر ملز کے شیئر کی خریداری سے متعلق جواب نہ دے سکیں۔ نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دے کر 8 اگست کو دوبارہ طلب کرلیا۔
نیب کی جانب سے مریم نواز سے شیئرز کی خرید و فروخت سے متعلق سوالات کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے پو چھا گیا کہ چوہدری شوگر ملز میں شیئر کی خریداری کیسے ہوئی ؟ مریم نواز نیب ٹیم کو دئیے گئے جوابات سے مطمئن نہ کر سکیں۔ نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دیتے ہوئے 8 اگست کو دوبارہ طلب کر لیا اور ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی، مریم نواز نیب آفس میں 40 منٹ تک موجود رہیں۔
نیب ذرائع بتاتے ہیں کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں سب سے بڑی شیئر ہولڈر مریم نواز ہیں، چوہدری شوگر ملز میں مریم نواز 1 کروڑ 24 لاکھ 14 سو 55 شیئرز کی مالک ہیں۔ سعید سیف الجبر بن سعودی کی جانب سے مریم نواز کو 94 لاکھ شیئرز منتقل ہوئے۔ شیخ زکاء الدین نے 20 لاکھ 17سو شیئر مریم نواز کو منتقل کئے جبکہ ہانی احمد جمجون نے بھی کچھ شیئر مریم نواز کو منتقل کئے تھے۔