پشاور: محکمہ صحت کا ایکشن، لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے 40 ڈاکٹروں کا تبادلہ

Last Updated On 31 July,2019 11:43 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے سب سے بڑے تدریسی ہسپتال لیڈی ریڈنگ میں سینئرز سمیت 40 ڈاکٹروں کے تبادلے کر دیئے گئے۔ ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ڈاکٹروں کے تبادلوں کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ڈاکٹروں کے تبادلوں کا اعلامیہ موصول ہوتے ہی ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ محکمہ صحت کو جوابی مراسلہ ارسال کر دیا جس میں ڈاکٹروں کے تبادلے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جوابی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹروں کی کمی ہے اور بڑی تعداد میں ڈاکٹروں کے تبادلوں سے مشکلات پیدا ہوں گی۔

ڈاکٹروں نے ہسپتال سے اسے جبری تبادلے قرار دیتے ہوئے احتجاج کی کال بھی دیدی ہے۔ شہر کے وسط میں ہونے کی وجہ سے روزانہ ہزاروں افراد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا رخ کرتے ہیں، ڈاکٹروں کی کمی کا خمیازہ یہاں آنے والے مریضوں کو بھگتنا پڑے گا۔