اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون کر کے مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو فون کیا اور انہیں ان کیخلاف سینیٹ میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹرز نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل قرارداد مسترد ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ اکثریت رائے سے یہ ثابت ہو گیا کہ حکومتی اور اپوزیشن کے سینیٹرز میرے ایوان بالا کو انصاف سے چلانے سے خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی جادو نہیں کیا، بلکہ ممبران نے مجھے ووٹ دیا ہے، جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں، اس کے علاوہ کچھ نہیں ہوا، حکومتی اور اپوزیشن دونوں طرف کا شکر گزار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ہاﺅس کو آئین کے مطابق چلانے کی کوشش کی ہے۔