الیکشن کمیشن: ن لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف 3 درخواستیں مسترد

Last Updated On 08 August,2019 11:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مسلم لیگ (ن) کو بڑا ریلیف مل گیا، ن لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف تین درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف تین درخواستوں پر سماعت کی۔ (ن) لیگ کے مرکزی الیکشن کیخلاف لیگی رہنماء شجاع الرحمن ملک جب کہ ن لیگ بلوچستان کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف اصغر مری، اشرف ساگر نے درخواستیں دائر کی تھیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ کئی برسوں سے مسلم لیگ (ن) کی جنرل باڈی کا اجلاس ہی نہیں ہوا، جب کہ اصغر مری اور اشرف ساگر کے مطابق کاغذات نامزدگی کے لئے انتہائی کم وقت دیا گیا۔ لیگی رہنما شجاع الرحمان ملک نے پارٹی کے مرکزی الیکشن جب کہ اصغر مری اور اشرف ساگر نے ن لیگ بلوچستان کے پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف تینوں درخواستیں مسترد کر دیں۔
 

Advertisement