اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی تشخص کے خاتمہ کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کو آشکار کرنے کیلئے وزارت خارجہ نے کلیدی اقدام اٹھاتے ہوئے غیر ملکی سفیروں کو ہنگامی بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کچھ دیر میں غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ دیں گے جس میں انھیں بھارتی غیر قانونی اقدامات پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بھارت کے متنازعہ اقدام کیخلاف سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال اور بھارتی بربریت بھی بریفنگ کا حصہ ہو گی۔ اس بریفنگ میں بیرونی دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوام عالم کے فوری کردار پر زور دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد سے بھی آگاہ کریں گے۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی بریفنگ کا حصہ ہوں گے جبکہ ڈی جی جنوبی ایشیا اور سارک ڈاکٹر محمد فیصل بھی بریفنگ میں موجود ہوں گے۔