بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے: وزیراعظم

Last Updated On 08 August,2019 11:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ مودی سرکار کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار بھی ہٹلر جیسی سوچ کی حامل ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتا ہے۔ پوری دنیا کو بتائیں گے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ نہتے کشمیریوں پر ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے بھارتی مظالم سے اقوام عالم کو آگاہ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ رائے عامہ کی جنگ ہے اور ہم نے یہ جنگ جیتنا ہے لیکن خطرہ ہے کہ بھارت توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے، ہم جنگ کا راستہ نہیں چاہتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر آخری کارڈ کھیل لیا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی سفارتی، سیاسی، قومی اور عالمی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی اپنے نظریات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ امکان ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کرکے پاکستان پر الزام لگائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا سمیت پوری دنیا کو بھارتی عزائم سے باخبر رکھ رہے ہیں۔ دنیا کو بتائیں گے کہ مودی سرکار نسل پرست لوگوں کا ٹولہ ہے۔ یہ ٹولہ بھارت میں صرف ہندوؤں کو دیکھنا چاہتا ہے۔
 

Advertisement