اسلام آباد: (دنیا نیوز) شفقت محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف کا قصور یہ ہے کہ وہ عوام کا پیسہ کھا گئے، یہ سمجھتے ہیں ان کے لیے انصاف کا پیمانہ اور ہو، لوٹ مار کا حساب آپ کو دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا مودی جاتی امرا آپ کے گھر گیا تھا، جمہوریت کا درس دینے والوں کا رویہ دیکھیں، شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں ٹی ٹی لگ رہی تھی اس وقت خیال نہیں آیا، نواز شریف کا قصور یہ کہ لندن فلیٹس کے پیسوں کا نہیں بتا سکے، چودھری شوگرم لز کی ٹی ٹی کا جواب دیں، یہ جمہوریت کو چوری، ڈاکے چھپانے کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے اس قوم کا مال لوٹا ہے، نیب ملک لوٹنے والوں پر ہاتھ ڈال رہی ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا گجرات میں قتل عام کرنیوالے کو کیا عمران خان نے اپنے گھر بلایا ؟ مودی ہمارے بچوں کی جانوں سے کھیل رہا ہے، جشن آزادی آنیوالی ہے اور ہم اس ایوان سے کیا پیغام دے رہے ہیں ؟ اپنے مقدمات کا جواب نیب میں دیں، اپنے کیسز عدالتوں میں لڑیں۔