کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ نے صوبے بھر میں عیدالاضحی کی مناسبت سے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ترجمان پاکستان رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوا جس میں رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجموعی طور پر امن وامان کی صورتحال بالخصوص عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ قربانی کی کھالوں کی جمع گاہوں اور وہاں سے ان کی اجتماعی جمع گاہوں تک ترسیل کی بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔
کسی بھی شخص کو لائسنس یافتہ یا غیر قانونی اسلحہ، ڈنڈے، لاٹھیاں اور سلاخیں لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صوبے بھر میں سنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید موثر اور فعال کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ تمام داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ تمام بس اڈوں اور ریلوے سٹیشنز پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔