دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کے دارالحکومت دوحہ کی جیل سے 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ کی جیل 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے قطر میں قیام کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ شروع
یاد رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان سے بھی درخواست کی تھی کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ جس کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں معمولی جرائم میں ملوث دو ہزار سے زائد پاکستانی سعودی جیلوں میں موجود ہیں جو آپ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔
سعودی عرب سے سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی رہا ہو کر واپس پہنچے تھے۔ لاہور ائیرپورٹ پر پہنچتے ہی پاکستانی شہریوں نے سجدہ شکر ادا کیا اور وزیراعظم کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے قیدیوں کا مسئلہ پیش کرنے کا خیر مقدم کیا۔