اسلام آباد: (دنیا نیوز) قطر کی جانب سے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے 3 ارب ڈالرز کی خطیر رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق تین ارب ڈالرز کی یہ رقم ڈیپازٹ اور سرمایہ کاری کی مد میں استعمال ہوگی، اس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو بھی سہارا ملے گا۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے تین ارب ڈالرز کی رقم دینے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قطر کی رقم پاکستان میں براہ راست جمع ہوگی۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے کا عزم بھی دہرایا اور کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے جبکہ قطر پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری بھی کرے گا۔
Want to thank the Emir of Qatar HRH Sheikh Tamim Bin Hamad Al Thani for announcing US $3 Billion in #deposits and direct #investments for #Pakistan and for #Qatar’s affirmation to further develop relations between the two countries.
— Dr. Abdul Hafeez Shaikh (@a_hafeezshaikh) June 24, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالر، یو اے ای 2 ارب ڈالر اور چین 3 ارب ڈالر فراہم کر چکا ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارہ آئی ایم ایف بھی معیشت کو سہارا دینے کی خاطر پاکستان کو 6 ارب ڈالرقرض فراہم کرے گا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق قطر کی جانب سے دی جانے والی رقم سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور روپیہ بھی ڈالر کے مقابلے مستحکم ہوگا۔