اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت بڑھانے پر اتفاق، تجارت وسرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔
امیر قطر کے دورہ پاکستان پر وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور قطر نے دو طرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور ان کے قطری ہم منصب نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت پاک قطر تجارتی، اقتصادی تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے ماحول سازگار بنایا جائے گا۔ ورکنگ گروپ تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرے گا۔
پاکستان کی جانب سے ورکنگ گروپ کی سربراہی سیکرٹری تجارت کریں گے۔ حالیہ برسوں میں قطر کے لیے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔ فیفا ورلڈ کپ 2022ء پاکستان کے لیے قطر کو برآمدات بڑھانے کا نادر موقع فراہم کرے گا۔ فٹ بال ورلڈ کپ پاکستان کی فٹ بال سازی کی صنعت کو ترقی کا موقع فراہم کرے گا۔